حکومت کا غریب دوست فیصلہ، پٹرول اور ڈیزل 2 روپے لٹر سستا جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت میں 3 روپے کمی کر دی، نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگا۔
وفاقی وزیر خزانہ اسدعمر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں یونہی رہیں تو اگلے مہینے عوام کو بڑا ریلیف دیں گے، روپے کی مصنوعی قدر معاشی بدحالی کی وجہ ہے، مانیٹری پالیسی کا ریٹ سیٹ کرنا سینٹرل بینک کا اختیار ہے، ڈالرکی طلب زیادہ ہے رسد کم ہو رہی ہے، کوشش ہے عوام پر کم سے کم بوجھ ڈالا جائے، ہم ہر مرتبہ آئی ایم ایف کے پاس نہیں جانا چاہتے۔ انہوں نے کہا ڈالر کی قیمت میں اضافہ اچھی چیز نہیں، یہ سب کچھ روپے کی مصنوعی قدر برقرار رکھنے کے باعث ہوا، بیرونی قرض اضافے کے بعد 95 ارب ڈالر تک پہنچ گئے۔
یاد رہے آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں 35 فیصد کمی نظر انداز کرتے ہوئے حکومت سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں اضافے کی سفارش کی، اوگرا نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 9 روپے 91 پیسے تک اضافہ کرنے کی سمری وزارت پٹرولیم کو ارسال کی تھی۔
اوگرا کی جانب سے بھیجی گئی سمری میں پٹرول 5 روپے 21 پیسے، ڈیزل 2 روپے، مٹی کا تیل 9 روپے 91 پیسے اور لائٹ ڈیزل 7 روپے 79 پیسے مہنگا کرنے کی سفارش کی گئی۔
اس سے قبل عالمی منڈیوں میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی ہوئی، امریکی خام تیل 50 ڈالر فی بیرل سے بھی نیچے ٹریڈ ہوا جبکہ برطانوی خام تیل کی قیمت میں 2 فیصد کمی ہوئی۔ برطانوی خام تیل 57 ڈالر 50 سینٹس فی بیرل پر ٹریڈ ہوا، ایک ماہ میں خام تیل کی قیمتوں میں 25 فیصد تک کمی ہوئی۔
No comments:
Post a Comment