چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ نواز شریف اور زرداری کی پارٹنر شپ نے پاکستان کو مقروض
بنایا، میں پاکستان کی آمدنی بڑھا کر دکھاؤں گا۔ عمران خان نے منڈی بہاؤ الدین میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مافیا اور سیاست دانوں میں بڑا فرق ہوتا ہے، عزیر بلوچ نے جے آئی ٹی میں انکشاف کیا کہ بے نظیر بھٹو کے گارڈ خالد شہنشاہ کو پیپلز پارٹی نے قتل کرایا، عزیر بلوچ نے کہا کہ آصف زرداری کے کہنے پر چودہ شوگر ملوں پر قبضہ کیا۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ عذیر بلوچ نے یہ بھی کہا کہ وہ ہر مہینے ایک کروڑ روپے آصف زرداری کی بہن کو دیتا ہے، چیئرمین پی ٹی آئی نے عذیر بلوچ کی جے آئی ٹی رپورٹ منظر عام پر لانے کا بھی مطالبہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ شریف مافیا تیس سال سے پنجاب پر قبضہ کر کے بیٹھا ہے، پانچ مرلے کے گھر میں رہنے والے شریف برادران نے اربوں روپیہ کیسے بنایا؟ مافیا کرپشن سے پیسہ کماتے ہیں اور پھر لوگوں کو خریدتے ہیں، شہباز شریف نے ماڈل ٹاؤن میں چودہ لوگوں کو قتل کرایا، ہمارا مقابلہ سیاست دانوں سے نہیں مافیا سے ہے۔ عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ 2008 میں ہر پاکستانی پر 35 ہزار قرضہ تھا، اس وقت ہر پاکستانی پر قرضہ ایک لاکھ بیس ہزار روپے ہو گیا ہے، قوم مقروض ہوتی گئی اور مہنگائی بڑھتی گئی، غربت بھی بڑھ گئی، شریف خاندان کا سب کچھ باہر ہے، ان کو پاکستان سے کوئی غرض نہیں، شریفوں اور زرداری کے پاس پہلے کیا تھا، اب ان کی اربوں روپے کی جائیداد ملک سے باہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوموں کی تباہی معاشی طور پر ہوتی ہے، پاکستانی قوم اپنی آزادی کسی صورت نہیں جانے دیں گے، میں آپ کو اس ملک کی آمدنی بڑھا کر دکھاؤں گا، اقتدار ملا تو ایف بی آر کو ٹھیک کریں گے اور پیسے والوں سے ٹیکس جمع کر کے دکھائیں گے ، غریب لوگوں پر ٹیکس کا بوجھ کم کریں گے۔
No comments:
Post a Comment