بنگلور: بھارت میں مندر کی افتتاحی تقریب میں زہریلا کھانا تناول کرنے سے 11 افراد ہلاک اور 93 کی حالت غیر ہوگئی۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارتی ریاست کرناٹک کے ضلع چماراج نگر میں نو تعمیر شدہ مندر کی افتتاحی تقریب جاری تھی۔ تقریب میں مہمانوں کی تواضع کے لیے آلو چاول پیش کیا گیا جسے کھاتے ہی 100 سے زائد افراد کی حالت غیر ہوگئی۔
کھانے کے دوران پیٹ میں شدید درد کی شکایت اور بعض کو قے آنے پر متاثرین کو اسپتال لے جایا گیا جہاں 11 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کردی گئی۔ 23 افراد کی ہلاکت سے اسپتال میں کہرام مچ گیا۔
زہریلے کھانے کے مزید 93 متاثرین اسپتال میں زیرعلاج ہیں جن میں سے 23 افراد کی حالت نہایت نازک ہے اور انہیں انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں وینٹی لیٹر پر رکھا گیا ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
عینی شاہدین نے میڈیا کو بتایا کہ تقریب میں جو کھانا پیش کیا گیا اس کا ذائقہ درست نہیں تھا اور کھانے کی مہک بھی ترش تھی جس کی انتظامیہ کو شکایت بھی کی گئی تھی لیکن اس کا سدباب نہیں کیا گیا جس سے جانی نقصان ہوا۔
پولیس نے عینی شاہدین اور متاثرین کا بیان قلم بند کر کے ابتدائی شواہد جمع کرلیے ہیں اور کھانے کے کیمیائی نمونوں کو تجزیے کے لیے لیبارٹری بھیج دیا۔ پولیس نے 2 باورچیوں سمیت 3 افراد کی گرفتاری کا بھی دعویٰ کیا ہے۔
No comments:
Post a Comment