بھارت میں ایک جوڑے کی شادی اتفاق سے ایسی جگہ سر انجام پا گئی کہ اس سے بڑھ کر یادگار شادی کی تقریب شاید ممکن نہیں۔ ٹائمز آف انڈیا کے مطابق یہ انوکھا واقعہ اس وقت پیش آیا جب ریاست اترپردیش کے شہر کنوج میں منعقد ہونے والی ایک شادی کے دوران دلہن اور دولہا والوں کے درمیاں لڑائی ہو گئی۔ بارات کے ساتھ آئے دلہن کے ایک قریبی رشتہ دار کا دولہے والوں سے جھگڑا ہوا تھا اور اس جھگڑے کے دوران دلہن کے رشتہ دار کی کافی پٹائی ہو گئی تھی۔ یہ بات بہت بڑھ گئی اور یہ لڑائی دونوں گھروں کے درمیان جنگ کی صورت اختیار کر گئی اور بالآخر بات تھانے تک جا پہنچی۔
جب دونوں اطراف کے لوگ شکایت کے لئے تھانے پہنچے تو پولیس والے کسی اور ہی موڈ میں بیٹھے تھے۔ انہوں نے پرچہ کاٹنے کی بجائے دولہے اور دلہن سے کہا کہ وہ غصہ جانے دیں اور اپنا گھربسنے سے پہلے اجاڑنے کی غلطی نا کریں۔ پولیس کے سمجھانے بجھانے پر دولہا دلہن کو بات سمجھ آ گئی اور وہیں تھانے میں ہی باقی رسوم کی ادائیگی شروع ہو گئی۔ جب شادی کی رسمیں ہو رہی تھیں تو پولیس والے نئے نویلے جوڑے پر پھول بھی برسا رہے تھے اور ناچ گا کر اپنی خوشی کا اظہار بھی کر رہے تھے۔ غالباً وہ اپنے تھانے کے بے رحم ماحول میں شادی کی خوشیاں دیکھ کر پھولے نہیں سما رہے تھے۔ بہرحال، یہ شادی کامیابی سے سر انجام پائی اور دلہن کی تھانے سے ہی رخصتی ہوئی، اور یوں وہ خوشی خوشی اپنے دولہے کے ساتھ روانہ ہو گئی۔
No comments:
Post a Comment